لاہور پاکستان کا محفوظ ترین شہر بن گیا،جرائم میں52فیصد تک کمی آگئی

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)لاہور پاکستان کا محفوظ ترین شہر بن گیا،جرائم میں52فیصد تک کمی آگئی۔لاہور کو پاکستان کا سب سے محفوظ شہر قرار دے دیا گیا ہے، جہاں گزشتہ11ماہ کے دوران جرائم کی شرح میں نمایاں طور پر52فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔یہ کامیابی مؤثر پولیسنگ، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مربوط حکمتِ عملی کا نتیجہ قرار دی جا رہی ہے۔ذرائع کے مطابق شہر میں سٹریٹ کرائم، ڈکیتی،موٹر سائیکل و گاڑی چوری اور دیگر سنگین جرائم میں واضح کمی آئی ہے۔پولیس پٹرولنگ میں اضافہ،سیف سٹی کیمروں کی توسیع،فوری رسپانس یونٹس اور انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں نے امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کے تعاون،ہیلپ لائنز کے مؤثر استعمال اور کمیونٹی پولیسنگ نے بھی جرائم کی روک تھام میں مدد دی۔جرائم پیشہ عناصر کیخلاف بلاامتیاز کارروائیوں اور عدالتوں کیساتھ بہتر رابطے کے باعث ملزموں کو سزائیں دلوانے کی شرح میں بھی اضافہ ہوا ہے۔شہریوں نے شہر میں بہتری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ محفوظ ماحول نہ صرف روزمرہ زندگی کو آسان بناتا ہے بلکہ کاروباری سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کے فروغ میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس مثبت رجحان کو برقرار رکھنے کے لیے سیکیورٹی اقدامات مزید مضبوط کیے جائیں گے اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح دی جاتی رہے گی۔

مزید خبریں

Back to top button