امریکہ کا ایرانی جاسوس بھرتی کرنے کیلئے اشتہار

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکہ کی خفیہ ایجنسی (سی آئی اے) نے سوشل میڈیا پر فارسی زبان میں ایک نیا پیغام جاری کر دیا ہے، جس میں ایرانی شہریوں کو محفوظ طریقے سے رابطہ کرنے کی تفصیلی ہدایات دی گئی ہیں۔ یہ پیغام ایسے وقت سامنے آیا ہے جب مشرقِ وسطیٰ میں امریکی فوجی موجودگی میں اضافہ اور امریکہ اور ایران کے درمیان جوہری پروگرام پر مذاکرات جاری ہیں۔

سی آئی اے کی جانب سے یہ پیغام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز ایکس، انسٹاگرام، فیس بک، ٹیلی گرام اور یوٹیوب پر جاری کیا گیا۔ پیغام میں ایرانی شہریوں کو خبردار کیا گیا کہ رابطہ کرنے سے قبل اپنی حفاظت کو اولین ترجیح دیں، دفتری کمپیوٹر یا ذاتی موبائل فون کے استعمال سے گریز کریں اور ممکن ہو تو نیا اور عارضی ڈیوائس استعمال کریں۔

پیغام میں مزید ہدایات دی گئیں کہ اردگرد کے ماحول پر نظر رکھیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ کوئی ان کی اسکرین یا آن لائن سرگرمیوں پر نظر نہ رکھ رہا ہو۔ رابطہ کرنے والوں کو مشورہ دیا گیا کہ وہ اپنی لوکیشن، نام، عہدہ اور ایسی معلومات یا مہارتوں کی تفصیل فراہم کریں جو ادارے کے لیے دلچسپی کا باعث بن سکتی ہوں۔

سی آئی اے نے یہ بھی واضح کیا کہ رابطے کے لیے قابلِ اعتماد وی پی این استعمال کیا جائے جس کا صدر دفتر روس، ایران یا چین میں نہ ہو، یا پھر ٹور نیٹ ورک استعمال کیا جائے جو ڈیٹا کو خفیہ بنانے اور صارف کا آئی پی ایڈریس چھپانے میں مدد دیتا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button