چشتیاں: کنویں میں زہریلی گیس سے دم گھٹنے کے باعث تین افراد جاں بحق

چشتیاں(جانوڈاٹ پی کے) پنجاب کے علاقے چشتیاں میں گندے پانی کے کنویں میں زہریلی گیس بھر جانے کے باعث پیش آنے والے افسوسناک حادثے میں تین افراد دم گھٹنے سے جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق یہ واقعہ نواحی گاؤں 28 پھٹے والی میں پیش آیا، جہاں ایک بکری کنویں میں گر گئی تھی۔ اسے نکالنے کے لیے ایک شخص کنویں میں اترا، مگر اندر موجود زہریلی گیس کے باعث بے ہوش ہوگیا۔
پہلے شخص کو بچانے کے لیے مزید دو افراد بھی یکے بعد دیگرے کنویں میں اترے، تاہم وہ بھی زہریلی گیس کی زد میں آکر دم گھٹنے سے جان کی بازی ہار گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق تینوں افراد کی لاشوں کو کنویں سے نکالنے اور دیگر ضروری کارروائیاں مکمل کرنے کے لیے آپریشن جاری ہے۔
ریسکیو حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ زہریلی گیس کے خدشے والے کنوؤں یا بند جگہوں میں مناسب حفاظتی اقدامات اور پیشہ ورانہ امدادی ٹیم کے بغیر ہرگز داخل نہ ہوں۔



