شی جن پنگ اور پیوٹن کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ، چین روس تعلقات کو نئی سمت دینے پر اتفاق

بیجنگ/ماسکو (مانیٹرنگ ڈیسک)چین کے صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس میں دونوں رہنماؤں نے عالمی سٹریٹجک استحکام اور دوطرفہ تعاون کو برقرار رکھنے پر زور دیا۔
خبر ایجنسی کے مطابق دوران گفتگو، شی جن پنگ نے پیوٹن اور روس کے عوام کو موسمِ بہار کی مبارکباد دی، جبکہ صدر پیوٹن نے چینی عوام کو نئے سال کی پیشگی مبارکباد پیش کی۔
صدر پیوٹن کا کہنا تھا کہ چین اور روس کے تعلقات مزید مضبوط، مستحکم اور متحرک ہوں گے۔ دونوں رہنماؤں نے تعلقات کو نئی سمت دینے اور مشترکہ مفادات کے فروغ پر اتفاق کیا۔
ماہرین کے مطابق یہ رابطہ چین اور روس کے درمیان تجارت، عوامی روابط اور ثقافتی تعاون میں پیش رفت کے مواقع پیدا کرے گا اور دونوں ممالک کے تعلقات میں مثبت اثر ڈالے گا۔



