چین اور تائیوان کو ایک ہونے سے کوئی طاقت نہیں روک سکتی، صدر شی جن پنگ

بیجنگ(جانوڈاٹ پی کے)چینی صدر شی جن پنگ نےکہا ہےکہ چین اور تائیوان کو ایک ہونے سے کوئی نہیں روک سکتا، آبنائے تائیوان کے دونوں جانب رہنے والے چینی باشندوں کا ایک دوسرے کے ساتھ خون اور رشتہ داری کا تعلق ہے۔
نئے سال کےموقع پر خطاب میں چینی صدر نےکہا کہ چین سے تائیوان کا دوبارہ الحاق ناگزیر ہے اور اسے روکا نہیں جاسکتا۔
شی جن پنگ کا یہ بیان چین کی جانب سے تائیوان کے قریب 2 روزہ فوجی مشقوں کے خاتمے کے ایک دن بعد سامنے آیا ہے۔ ان مشقوں کا انعقاد امریکا کی جانب سے تائیوان کو 11 ارب ڈالر سے زائد کے ریکارڈ مالیت کے ہتھیاروں کی فروخت کی منظوری کے چند دن بعد کیا گیا۔
شی جن پنگ نے اپنے نئے سال کے پیغام میں کہا کہ آبنائے تائیوان کے دونوں طرف بسنے والے ہم چینیوں کے درمیان خون کا رشتہ اور قرابت داری ہے، مادر وطن کا دوبارہ ملاپ وقت کی پکار ہے جسے روکا نہیں جا سکتا۔
چینی صدرکا کہنا تھا کہ چین ہمیشہ تاریخ کی درست سمت پر کھڑا رہا ہے اور وہ عالمی امن و ترقی کو آگے بڑھانے اور انسانیت کے مشترکہ مستقبل کے لیے تمام ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے۔
چینی صدر نے ہر سال 25 اکتوبر کو تائیوان ریکوری ڈے منانے کے اعلان کو بھی سراہا، جو دوسری عالمی جنگ کے اختتام پر تائیوان پر جاپان کے قبضے کے خاتمےکی یادگار کے طور پر منایا جائےگا۔
شی جن پنگ نے چین کی مصنوعی ذہانت اور خلائی صنعت میں پیش رفت کی بھی تعریف کی۔
انہوں نےکہا کہ بڑے اے آئی ماڈلز میں برتری کی دوڑ جاری ہے، چین نے چِپس کی تحقیق و ترقی میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ یہ سب چین کو دنیا کی تیز ترین ترقی کرنے والی معیشتوں میں شامل کر چکا ہے۔



