بچوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کیلئے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہیں، ڈپٹی کمشنر تھرپارکر

مٹھی (رپورٹ: میندھرو کاجھروی)ڈپٹی کمشنر تھرپارکر کی زیرِ صدارت بچوں کے حقوق سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیرانی کی زیرِ صدارت بچوں کے حقوق کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر تھرپارکر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے تاکہ بچوں کو تعلیم سمیت تمام بنیادی حقوق حاصل ہو سکیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ سب سے پہلے بچوں کی بہتری کے لیے تعلیم پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ بچے بہتر تعلیم حاصل کر کے بہتر زندگی گزار سکیں۔ ڈپٹی کمشنر تھرپارکر نے کہا کہ تھرپارکر میں موجود اینٹوں کے بھٹوں سمیت دیگر کام کی جگہوں کے دورے کیے جائیں اور بچوں کی تعلیم و صحت کے حوالے سے جانچ پڑتال کی جائے۔ بچوں کے حقوق کے حوالے سے شہروں اور دیہی علاقوں کے دیہات، کیاسکولوں سمیت دیگر عوامی مقامات پر آگاہی پروگرام منعقد کر کے عوام اور بچوں کو ان کے بنیادی حقوق سے آگاہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی بچے کے ساتھ کوئی بھی مسئلہ پیش آئے تو اسے مکمل تحفظ فراہم کیا جائے اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، اس حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ جہاں کہیں بھی بچوں سے متعلق کوئی مسئلہ ہو تو بروقت انتظامیہ کو آگاہ کیا جائے، ساتھ ہی چائلڈ ہیلپ لائن 1121 پر بھی اطلاع دی جائے۔ ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیرانی نے صحت، تعلیم، چائلڈ پروٹیکشن، پولیس سمیت تمام متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ذمہ داری کے ساتھ کام کیا جائے اور ہر ماہ اس کی رپورٹ پیش کی جائے۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو تھرپارکر پرتھوی راج، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر تھرپارکر ڈاکٹر لیکھ راج سارنگانی، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نصراللہ ساہڑ، ڈسٹرکٹ چائلڈ پروٹیکشن آفیسر کیلاش پنڑ سمیت تمام متعلقہ اداروں کے افسران موجود تھے۔



