سکھر: چیئرمین ضلع کونسل کمیل حیدر کا چلڈرن اسپتال کا دورہ، جدید انکیوبیٹرزکی خریداری کیلئے1 کروڑ روپے بطورعطیہ دیا

سکھر (جانوڈاٹ پی کے) چیئرمین ضلع کونسل سکھر سید کمیل حیدر شاہ چلڈرن اسپتال سکھر پہنچے، ڈائریکٹر آپریشنز چلڈرن اسپتال منصور احمد کھوکھر نے ان کا خیر مقدم کیا، اس موقع پر او پی ڈی مینیجر آغا شعیب اور ایڈمنسٹریش آفیسر سجاد رضوی بھی موجود تھے۔

اسپتال انتظامیہ نے چیئرمین ضلع کونسل سکھر سید کمیل حیدر شاہ کو اسپتال کے این آئی سی یو وارڈ، پی آئی سی یو، پیڈز، ایم آر آئی، فلورا، لیب، ایڈمنسٹریش بلاک، بچوں کے پلے ایریا، انتظار گاہ اور کیفےٹیریا سمیت اسپتال کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر چیئرمین ضلع کونسل سکھر سید کمیل حیدر شاہ نے اسپتال میں صفائی ستھرائی، نظم و ضبط اور علاج معالجے کی بہتر سہولیات کو سراہا اور کہا کہ ان کاوشوں پر اسپتال انتظامیہ، ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف خراج تحسین کے مستحق ہیں، انہوں نے اس موقع پر چلڈرن اسپتال میں نوزائیدہ بچوں کے علاج معالجے کی ضروریات کے پیش نظر جدید ٹیکنالوجی سے لیس انکیوبیٹرز کی خریداری کے لیے ضلع کونسل سکھر کی جانب سے ایک کروڑ روپے کا چیک دیا، جسے اسپتال انتظامیہ کی جانب سے خوش آئند قرار دیا گیا۔

بعد ازاں چیئرمین ضلع کونسل سکھر سید کمیل حیدر شاہ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے مختلف شھروں میں چلڈرن اسپتال کا قیام حکومت سندھ کے 100 بڑے کارناموں اور ویژنری منصوبوں میں سے ایک ہے، یہاں کسی بھی طبی سہولت کے عوض کوئی ٹوکن نہیں لیا جاتا اور علاج معالجے کی بہترین سہولیات بلکل مفت ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سکھر اور سندھ کےدیگر اضلاع کے علاوہ بلوچستان و پنجاب سے بھی لوگ اپنے بچوں کے علاج معالجے کے لیے یہاں آتے ہیں، جس وجہ سے آئے دن مریضوں کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ دیکھا گیا ہے۔ انہوں نے اسپتال کے انکیوبیٹرز کے حوالے سے کہا کہ موجودہ وقت اسپتال میں نوزائیدہ بچوں کے لیے 50 انکیوبیٹرز موجود ہیں جو کہ اسپتال انتظامیہ کے مطابق  ضرورت سے کم پڑ رہے ہیں، اس لیے آج چلڈرن اسپتال سکھر میں مزید 10 جدید ٹیکنالوجی سے لیس انکیوبیٹر کی خریداری کے لیے ضلع کونسل کی جانب سے ایک کروڑ روپے کے چیک دینے کا اعلان کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اسپتال کی دیگر ضروریات جیسے بچوں کے روبوٹک آپریشن اور ڈائیلاسز کے علاج معالجے کے لیے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو، حکومت سندھ اور فلاحی تنظیموں سے گزارش کریں گے، انہوں نے کہا کہ اسپتال میں مذکورہ دونوں ضروریات کچھ ماہ کے عرصے میں حاصل کر لی جائیں گی۔

ایک سوال پر سید کمیل حیدر شاہ نے کہا کہ چلڈرن اسپتال کے منصوبے کو آگے بڑھاتے ہوئے حکومت سندھ کو سکھر کے لیے مدر اینڈ چلڈرن ہاسپیٹل کا پروپوزل بھی پیش کیا جائے گا۔

ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ سکھر کی سول اسپتال کو اپ گریڈ کرنے کے لیے کمشنر سکھر ڈویژن عابد سلیم قریشی اور ضلع انتظامیہ سے مل کر کوششیں لے رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ وزارت صحت کو سول اسپتال کی باؤنڈری وال کے پروپوزل اور دیگر ضروریات کے لیے بھی کہا ہے، جبکہ سول اسپتال سکھر میں برنس وارڈ بھی قائم کرائیں گے۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اگر ہم حادثات پر سیاست کر رہے ہوتے تو ہمارے پاس بھی حادثات پر مبنی ایک طویل لسٹ موجود ہے لیکن ہم حادثات کی سیاست نہیں چاہتے۔

مزید خبریں

Back to top button