نظامِ تعلیم میں بہتری کیلئے تمام متعلقہ محکموں کو مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اقراء جنت

ھالا(رپورٹ:امجد راجپوت)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو مٹیاری اقراء جنت نے کہا ہے کہ اسکول سے باہر بچوں کا داخلہ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، جبکہ نظامِ تعلیم میں بہتری کے لیے تمام متعلقہ محکموں کو مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔ ڈپٹی کمشنر سیکریٹریٹ مٹیاری میں ہونے والے اجلاس کے دوران بند اسکولوں کو فوری طور پر کھولنے، غیر حاضر اساتذہ کو وارننگ جاری کرنے اور خستہ حال و خطرناک اسکولوں سے متعلق تفصیلی رپورٹ تیار کرنے کے احکامات دیے گئے۔
اجلاس میں انرولمنٹ مہم کی پیش رفت، یونین کونسل اور تحصیل سطح پر نگرانی، والدین میں شعور اجاگر کرنے اور درسی کتب کی شفاف اور بروقت تقسیم کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اقراء جنت نے زور دیا کہ ہر طالب علم کو محفوظ تعلیمی ماحول فراہم کیا جائے اور تعلیم کے معیار پر کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ اجلاس میں سرکاری و نجی اداروں اور این جی اوز کے باہمی تعاون سے بچوں کے داخلے اور تعلیم کی بہتری کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔



