نومولود بچی کے قتل کا کیس: ٹیکسلا کی عدالت نے والدین کو 34 سال قید کی سزا سنا دی

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے)ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ ٹیکسلا نے نومولود بچی کو پیدائش کے پہلے ہی روز قتل کرنے کے کیس میں مجرم والدین کو سزا سنا دی ہے۔ عدالت نے جرم ثابت ہونے پر میاں بیوی کو 17، 17 سال قید اور مجموعی طور پر 80 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی۔

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ٹیکسلا فرحان مدثر نے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے مجرمہ عربیہ بی بی اور اس کے ساتھی مجرم ذوالفقار کو قصوروار قرار دیا۔ عدالت نے دونوں پر فی کس 40 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا، جبکہ سزا سنائے جانے کے بعد مجرم جوڑے کو اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔

استغاثہ کے مطابق مجرم جوڑے نے بیٹی کی پیدائش کے بعد نومولود کو پہلے ہی دن شدید زخمی کیا اور ایک خالی پلاٹ میں پھینک دیا۔ بچی کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکی۔

پولیس کے مطابق افسوسناک واقعے کا مقدمہ 2 دسمبر 2023 کو تھانہ صدر واہ کینٹ میں درج کیا گیا تھا، جس کے بعد شواہد اور گواہوں کی بنیاد پر عدالت نے فیصلہ سنایا۔

مزید خبریں

Back to top button