تھرپارکر :محنت کش کی جھونپڑی میں آگ لگنےسے 3 بچے جھلس کرجاں بحق

تھرپارکر (میندھرو کاجھروی)ضلع تھرپارکر کے تعلقہ ننگرپارکر کے گاؤں واڌڑائی سے تعلق رکھنے والی روپلی کولہی برادری کے افراد روزگار کے لیے گندم کی کٹائی پر اپنے آبائی گھر چھوڑ کر بیراجی علاقے قاضی احمد کے قریب مزدوری کے لیے آئے ہوئے تھے کہ ان کی جھونپڑی میں آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں تین بچے جھلس کر جاں بحق ہو گئے۔
کولہی خاندان کے مرد و خواتین کھیت میں گندم کی کٹائی کر رہے تھے کہ جھونپڑیوں کو اچانک آگ لگ گئی، جس کے باعث معصوم کنول، پریا اور کویتا جل کر کوئلہ ہو گئے۔
غمزدہ خاندان بچوں کی لاشیں لے کر اپنے آبائی گاؤں واڌڑائی، ننگرپارکر پہنچا، جہاں کہرام مچ گیا۔
سینکڑوں اشکبار آنکھوں کے سامنے بچوں کی جھلسی ہوئی لاشوں کو آبائی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔



