بدین: عیدگاہ کمیٹی کی جانب سے مفت ڈائلاسز سینٹر اور میت کے غسل خانے کی تعمیر قابلِ تحسین اقدامات ہیں، تاج محمد ملاح

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے)عیدگاہ کمیٹی کی جانب سے بدین میں مفت ڈائلاسز سینٹر اور میت کے غسل خانے کی تعمیر قابلِ تحسین اقدامات ہیں۔ ہم فلاحی کاموں میں کمیٹی کی بھرپور مدد کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار ایم پی اے حاجی تاج محمد ملاح نے عیدگاہ کمیٹی کے صدر حاجی عزیز میمن اور عبدالغنی عباسی کی جانب سے ڈی ایچ او بدین ڈاکٹر ظہور عباسی کے اعزاز میں جم خانہ میں دی گئی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہونے کہا کہ اپنی مدد آپ کے تحت کمیٹی کی جانب سے کروڑوں روپے کی لاگت سے پیر عالی شاہ عیدگاہ کی تعمیر ایک بڑا کارنامہ ہے، جبکہ اس وقت ڈائلاسز سینٹر کے قیام سے گردوں کے مریضوں کو مفت ڈائلاسز کی سہولت حاصل ہوگی اور میت گھر کی تعمیر سے میت کو غسل و کفن دینے کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس موقع پر کسی مالی امداد کا اعلان نہیں کر رہے، تاہم کمیٹی کو یقین دلاتے ہیں کہ ہر نیک کام میں ان کی بھرپور مالی مدد کی جائے گی اس موقع پر ڈی ایچ او بدین ڈاکٹر ظہور عباسی نے کہا کہ کمیٹی کی جانب سے کیا گیا کام قابلِ ستائش ہے۔ ڈائلاسز سینٹر کے قیام کے لیے جو تکنیکی معاونت درکار ہوگی، وہ ان کے محکمے کی جانب سے فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کمیٹی کو ایک لاکھ روپے نقد دینے کا اعلان بھی کیا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انڈس نیٹ ورک بدین کے انچارج ڈاکٹر سکندر میمن نے کہا کہ وہ عیدگاہ کمیٹی کے ساتھیوں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے انڈس اسپتال بدین آنے والے مریضوں اور ان کے ساتھ آنے والے افراد کے بیٹھنے اور رات گزارنے کے لیے ایک بڑا شیلٹر تعمیر کرایا ہے عیدگاہ کمیٹی کے صدر حاجی عزیز میمن نے کہا کہ عیدگاہ بدین کا کام اب تقریباً 80 فیصد مکمل ہو چکا ہے اور تکمیل کے بعد اس عیدگاہ کی خوبصورتی دیدنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ڈائلاسز سینٹر کے قیام سے گردوں کے عارضے میں مبتلا غریب اور بے سہارا مریضوں کو سہارا ملے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو کام حکومت کو کرنے چاہئیں، وہ عیدگاہ کمیٹی مخیر حضرات کے تعاون سے انجام دے رہی ہے، جس سے عوام کو کسی حد تک فائدہ حاصل ہو رہا ہے تقریب سے وائس چیئرمین میونسپل کمیٹی بدین علی اکبر میمن، قادر کٹی، حاجی ولی عمراڻي اور پروفیسر طفیل احمد چانڈیو نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں حاجی غنی عباسی، ڈاکٹر فدا حسین خواجہ، ڈاکٹر عباس شاہ، ڈاکٹر ممتاز چانڈیو، حاجی حنیف خاصخیلی، نیاز انصاری، صحافی ہارون گوپانگ، انیس میمن، شفیع محمد جونیجو کے علاوہ ڈاکٹروں، تاجروں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر معزز مہمانوں کو اجرک اور لانگیاں تحفے میں پیش کی گئیں۔



