رواں سال کا پہلا مکمل چاند گرہن آج، پاکستان میں بھی نظارہ ممکن

لاہور (جانوڈاٹ پی کے)رواں سال کا پہلا مکمل چاند گرہن آج ہوگا، جس کا نظارہ پاکستان سمیت دنیا کے مختلف خطوں میں کیا جا سکے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پاکستان میں چاند گرہن کا آغاز دوپہر 1 بجکر 44 منٹ پر ہوگا، جبکہ دوپہر 2 بجکر 50 منٹ پر چاند کو باقاعدہ گرہن لگنا شروع ہوگا۔ شام 4 بجکر 5 منٹ پر مکمل چاند گرہن کا آغاز ہوگا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شام 4 بجکر 34 منٹ پر گرہن اپنے عروج پر ہوگا، شام 5 بجکر 3 منٹ پر مکمل گرہن ختم ہونا شروع ہو جائے گا، شام 6 بجکر 17 منٹ پر جزوی گرہن کا اختتام ہوگا جبکہ رات 7 بجکر 23 منٹ پر چاند گرہن مکمل طور پر ختم ہو جائے گا۔
ماہرین کے مطابق پاکستان میں چاند طلوع ہونے کے وقت گرہن جزوی طور پر دکھائی دے گا، جس کے باعث شہری دلکش فلکیاتی منظر کا مشاہدہ کر سکیں گے۔
یہ چاند گرہن صرف پاکستان تک محدود نہیں رہے گا بلکہ ایشیا، آسٹریلیا، شمالی امریکا اور جنوبی امریکا سمیت دیگر خطوں میں بھی دیکھا جا سکے گا۔
ماہرین فلکیات کے مطابق یہ سال کا ایک اہم فلکیاتی واقعہ ہے جسے کھلی آنکھ سے بھی دیکھا جا سکتا ہے، تاہم بہتر نظارے کے لیے کھلے آسمان اور صاف موسم کا ہونا ضروری ہے۔



