وزیرآباد چیمبر آف کامرس مقامی صنعتوں کیلئے تازہ ہوا کا جھونکا ہے، ضیاءالنور شاہ

وزیرآباد(جانوڈاٹ پی کے)وزیرآباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا قیام مقامی صنعتوں اور کاروبار کے فروغ کے لئے تازہ ہوا کا جھونکا ہے ان خیالات کا اظہار مسلم ہینڈز پاکستان کے کنٹری ہیڈ صاحبزادہ سید ضیاءالنور شاہ نے وزیرآباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائمقام صدر سید مظاہر حسین زیدی سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر سید تصور حسین زیدی،واجد نعیم،ڈاکٹر خالدمحمود اورسید علی انمول زیدی بھی موجود تھے صاحبزادہ سید ضیاءالنور شاہ نے کہا کہ چیمبر آف کامرس کے پلیٹ فارم سے مقامی مصنوعات کی ایکسپورٹ کے لئے دنیا بھر میں نئی منڈیاں تلاش کی جاسکتی ہیں جس سے ملک کے لئے زیادہ سے زیادہ زرمبادلہ کمایا جا سکے گا اور اس کے پاکستان کی اقتصادی صورتحال  پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔انہوں نے تجویز دی کہ وزیرآباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، سمال انڈسٹریل اسٹیٹ کی آباد کاری کے لئے مقامی صنعتکاروں کو بلاسود قرضہ جات دلوانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔اس سے مقامی صنعتوں کو فروغ حاصل ہو گا اور لوگوں کو روز گار کے زیادہ سے زیادہ مواقع میسر آئیں گے۔ قائم مقام صدر سید مظاہر زیدی نے کہا کہ انہوں نے حال ہی میں آل پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے لاہور میں منعقدہ اجلاس میں سمال انڈسٹریل اسٹیٹ کے حوالے سے درپیش مسائل وفاقی وزیر خزانہ کے گوش گزار کئے ہیں جس پر انہوں نے تمام مسائل حل کرنے کی یقین دھانی کروائی ہے۔ سید مظاہر زیدی نے کہا کہ چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری وزیرآباد ضلع کے تمام صنعتی اور کاروباری لوگوں کی امانت ہے ہماری پوری کوشش ہے کہ تمام شعبوں کو ساتھ لے کر چلیں۔ اس موقع پر صاحبزادہ سید ضیائالنور شاہ نے مسلم ہینڈز کے زیر انتظام چلنے والے مقامی تعلیمی اداروں عائشہ کین کالج آف کمپیوٹر سائنسز،مسلم ہینڈز سکول آف ایکسی لینس اور حلیمہ سکول آف ایکسی لینس وگرلز کالج کی تعلیمی خدمات کے متعلق بریفننگ دی۔

مزید خبریں

Back to top button