بدین:موسیٰ چیریٹیبل ہسپتال میں بچوں کی ذہنی صحت کے حوالے سے مفت طبی کیمپ

بدین(نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے)بدین کے معروف عائشہ موسیٰ چیریٹیبل ہسپتال میں بچوں کی ذہنی صحت کے حوالے سے ایک روزہ مفت طبی کیمپ کا انعقادکیاگیا۔

عائشہ موسیٰ چیریٹیبل اسپتال بدین میں بچوں کی ذہنی صحت اور رویّاتی مسائل کے حوالے سے ایک روزہ مفت طبی کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔طبی کمپ کا افتتاح ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر بدین ڈاکٹر ظہور عباسی نے کیا ، کیمپ کا مقصد بچوں میں ذہنی و سماجی مسائل، خصوصاً آٹیزم اور دیگر نفسیاتی پیچیدگیوں کے بارے میں آگاہی، تشخیص اور فوری رہنمائی فراہم کرنا تھا۔ اس خصوصی کیمپ میں آٹیزم اسپیکٹرم ڈس آرڈر ویلفیئر ٹرسٹ کراچی کی ماہر ٹیم نے شرکت کی، معروف ماہرِ نفسیات ڈاکٹر سلمہ خلیل سربراہی میں ڈاکٹر سعدیہ حسین ، ڈاکٹر عطا اللہ ، ڈاکٹر معوزیز خان اور ٹیم میں شامل دیگر ماہر ڈاکٹروں نے بڑی تعداد میں آنے والے بچوں کا مکمل طبی و نفسیاتی معائنہ کیا،والدین سے فرداً فرداً ملاقات کی اور بچوں کی ضروریات کے مطابق اہم مشورے فراہم کیے، والدین کو آٹیزم، سلو ڈیولپمنٹ، سیکھنے کی مشکلات، رویّاتی مسائل اور ذہنی نشونما کے مختلف مراحل کے بارے میں تفصیلی آگاہی دی گئی۔کئی بچوں کے کیسز رجسٹر کیے گئے جن پر آئندہ بھی فالو اپ فراہم کیا جائے گا۔

ادارے کی ٹیم نے مستقبل میں بھی ہفتہ وار و ماہانہ بنیادوں پر بدین کے والدین اور بچوں سے رابطہ برقرار رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔ طبی کیمپ کی افتتاحی تقریب سے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر بدین،ڈاکٹر ظہور احمد عباسی نے اپنے خطاب میں کہا کہ بچوں کی ذہنی صحت آج کے دور کی بنیادی ضرورت ہے، اور اس طرح کے کیمپس عوام میں شعور بیدار کرنے کے لیے سنگِ میل ثابت ہوتے ہیں۔

انہوں نے بدین کی نوجوان علمی ادبی اور سماجی شخصیت انجینئر عبدالقادر کھٹی عائشہ موسیٰ ہسپتال کی انتظامیہ اور کراچی کے معروف ادارے آٹیزم اسپیکٹرم ڈس آرڈر ویلفیئر ٹرسٹ کراچی کی ٹیم کی کوششوں اور طبی خدمات کو سراہا، کیمپ میں مقامی شہریوں والدین، اساتذہ، سماجی اور طبی شخصیات نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی اور اس اقدام کو علاقے کے لیے انتہائی مفید قرار دیا.

مزید خبریں

Back to top button