کیلیفورنیا میں برفانی تودہ گرنے سے 8 سیاح ہلاک، ایک لاپتا

کیلیفورنیا (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی ریاست کیلیفورنیا کے علاقے لیک ٹاہو میں شدید برفانی تودہ گرنے کے باعث 8 سیاح ہلاک اور ایک لاپتا ہو گیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق، نیواڈا کاؤنٹی کے شیرف شانن مون نے بتایا کہ سیاح برفانی تودے کی زد میں آ گئے تھے۔ ریسکیو ٹیموں نے 6 افراد کو بحفاظت نکال لیا، جبکہ دیگر متاثرین کی تلاش جاری ہے۔
حکام نے بتایا کہ یہ واقعہ شمالی کیلیفورنیا کے سی ایرا نیواڈا پہاڑی سلسلے میں پیش آیا، جہاں شدید برفباری اور خراب موسمی حالات کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں کی لاشیں ابھی بھی برف کے نیچے دبیں ہیں اور خراب موسم کی وجہ سے فوری نکالنا ممکن نہیں۔ واقعے کے بعد علاقے میں مزید تقریباً تین فٹ برف پڑ چکی ہے، جس سے خطرات میں اضافہ ہو گیا ہے۔
انتظامیہ نے شہریوں اور سیاحوں کو خبردار کیا ہے کہ علاقے میں اب بھی برفانی تودہ گرنے کا خطرہ موجود ہے اور غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے۔



