بانی پی ٹی آئی عمران خان سے بشریٰ بی بی کی ملاقات کروا دی گئی

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے)بشریٰ بی بی سے ملاقات کے دن اڈیالہ جیل میں اہم پیش رفت سامنے آئی، ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی اپنی اہلیہ سے ملاقات کرادی گئی،ملاقات جیل کے کانفرنس روم میں تقریباً 40 منٹ تک جاری رہی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ ملاقات بشریٰ بی بی کی فیملی سے ہونے والی ملاقات سے قبل کرائی گئی، جس دوران بانی پی ٹی آئی نے اپنی صحت اور آنکھ کے علاج سے متعلق آگاہ کیا۔
بعد ازاں بشریٰ بی بی کے خاندان کے افراد کو بھی ملاقات کی اجازت دی گئی۔ ان کی بھابھی مہرالنساء احمد اور بیٹی مہرالنساء شیخ اڈیالہ جیل پہنچیں اور کانفرنس روم میں تقریباً 40 منٹ تک ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد اہلِ خانہ جیل سے واپس روانہ ہوگئے۔
دوسری جانب بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں کا مقررہ وقت ختم ہونے کے باعث خاندان سمیت کسی بھی پارٹی رہنما کو ملاقات کی اجازت نہ مل سکی۔ گوہر علی خان اور سلمان اکرم راجہ ماربل فیکٹری ناکہ سے واپس روانہ ہوگئے، جبکہ علیمہ خان بہنوں سمیت چکری انٹرچینج سے آگے نہ آسکیں۔
ذرائع کے مطابق پولیس نے علیمہ خانم کو چکری انٹرچینج پر وارنٹ گرفتاری کی تعمیل بھی کرائی۔



