ایران کے بوشہر ایٹمی پلانٹ سے عملے کے انخلا کے لیے تیارہیں: روس

روس کی سرکاری ایٹمی توانائی کارپوریشن کے سربراہ الیکسی لیخاچیوف نے کہا ہے کہ اگر ضرورت پڑی تو روس ایران کے بوشہر ایٹمی بجلی گھر سے اپنے عملے کو نکالنے کے لیے تیار ہے۔
روسی سرکاری میڈیا کے مطابق لیخاچیوف نے کہا کہ ’ہم صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور وزارتِ خارجہ اور وزارتِ دفاع کے ساتھ مل کر اگر ضروری ہوا تو انخلا کے اقدامات کے لیے تیار ہیں‘۔
انہوں نے یاد دلایا کہ جون میں ایران کی جوہری تنصیبات پر ہونے والے امریکی حملے میں بوشہر پلانٹ کو نشانہ نہیں بنایا گیا تھا۔
روسی صدر ولادیمیر پوتن ماضی میں کہہ چکے ہیں کہ بوشہر ایٹمی پلانٹ میں سیکڑوں روسی ماہرین کام کر رہے ہیں۔
الیکسی لیخاچیوف نے خبردار کیا کہ اگر بوشہر ایٹمی پلانٹ پر حملہ ہوا تو اس کے نتائج یوکرین میں 1986 کے چرنوبل ایٹمی حادثے جیسے تباہ کن ہو سکتے ہیں۔



