افغانستان کے صوبے کاپیسا میں 2 ہزار سال قدیم نادر بدھ مت دور کا مجسمہ دریافت

کابل(جانوڈاٹ پی کے)افغانستان کے صوبے کاپیسا میں بدھ مت کے دور سے تعلق رکھنے والا تقریباً 2 ہزار سال قدیم ایک نادر مجسمہ دریافت ہوا ہے۔
کاپیسا میں طالبان کے محکمہ اطلاعات و ثقافت کے مطابق یہ قدیم مجسمہ بدھ مت عہد کا ہے اور Greco-Buddhist طرز میں تیار کیا گیا ہے جس میں ہیلینسٹک اور بدھ مت کے فنی اثرات کا امتزاج نمایاں ہے۔
محکمے نے منگل کو جاری بیان میں بتایا کہ یہ مجسمہ کارا تاز کے علاقے میں ایک گھر سے برآمد ہوا۔
یہ دریافت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب طالبان پر مؤرخین اور بین الاقوامی اداروں کی جانب سے ثقافتی اور تاریخی مقامات کو نقصان پہنچانے یا نظرانداز کرنے کے الزامات عائد کیے جاتے رہے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ مجسمہ قدیم افغانستان کی فنونِ لطیفہ، ثقافت اور بدھ تہذیبوں کے ساتھ تجارتی و ثقافتی روابط کے بارے میں قیمتی معلومات فراہم کر سکتا ہے۔
یہ مجسمہ مقامی حکام کے پاس ہے تاہم یہ واضح نہیں کہ آیا بین الاقوامی ماہرینِ آثارِ قدیمہ کو اس کے مطالعے کی اجازت دی جائے گی یا نہیں۔



