برطانوی سمندری حدود کے قریب روسی جاسوس جہاز، خطرہ بڑھا تو فوجی کارروائی کیلئے تیار ہیں، برطانیہ

لندن(جانوڈاٹ پی کے)برطانوی وزیر دفاع جان ہیلی نے خبردار کیا ہےکہ برطانوی سمندری حدود کے قریب موجود روسی جاسوس جہاز خطرہ ثابت ہوا تو فوجی آپشنزتیارہیں۔
برطانوی وزیر دفاع کے مطابق روسی جاسوس جہاز ینتار جو زیر سمندر کیبلز کا نقشہ تیار کرنے کے لیے استعمال ہوتا ہے اس وقت اسکاٹ لینڈ کے شمال میں برطانوی سمندری حدود کے کنارے موجود ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ برطانوی پائلٹس کو نگرانی کے دوران روسی جہاز کی جانب سے لیزر شعاعوں کا سامنا کرنا پڑا۔
برطانوی خبر ایجنسی سے گفتگو میں برطانوی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ یہ پہلا موقع ہےکہ روسی جاسوس جہاز ینتار نے برطانوی فضائیہ کے خلاف اس قسم کی کارروائی کی ہے، ہم اسے انتہائی سنجیدگی سے لیتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میرا روس اور صدرپیوٹن کے لیے پیغام ہے کہ ہم تمہیں دیکھ رہے ہیں، ہم جانتے ہیں کہ تم کیا کر رہے ہو، اگر ینتار نے اپنا راستہ بدلا تو ہمارے پاس فوجی اقدامات تیار ہیں۔
برطانوی حکام کے مطابق ینتار روسی بحریہ کا حصہ ہے، جو امن کے وقت نگرانی اور جنگ کے دوران تخریب کاری کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے، اسی وجہ سے برطانیہ اور اس کے اتحادی اس جہاز پر نظر رکھتے ہیں اور ہر بار جب یہ برطانوی علاقائی پانیوں کے قریب آتا ہے، اس کی سرگرمیوں کو روکنے کی کوشش کی جاتی ہے۔



