گریمی ایوارڈ جیتتے ہی گلوکارہ بلی ایلش امریکی امیگریشن ادارے پر برس پڑیں

لاس اینجلس(جانوڈاٹ پی کے)معروف امریکی گلوکارہ بلی ایلش نے 68 ویں گریمی ایوارڈز تقریب میں اپنے گانے ”WILDFLOWER“ کے لیے سونگ آف دی ایئر کا اعزاز حاصل کرلیا، تاہم ایوارڈ وصول کرتے وقت ان کی تقریر موسیقی سے زیادہ سیاسی مؤقف کے باعث وائرل ہوگئی۔

رپورٹس کے مطابق 68 ویں گریمی ایوارڈز تقریب میں بلی ایلش نے سب سے پہلے ریکارڈنگ اکیڈمی اور دیگر نامزد امیدواروں کا شکریہ ادا کیا۔ اس کے بعد انہوں نے کہا، ”چوری کی گئی زمین پر کوئی بھی غیر قانونی نہیں ہوتا۔“

معروف گلوکارہ کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں صحیح الفاظ تلاش کرنا مشکل ہو جاتا ہے، مگر اس ہال میں انہیں امید کی کرن دکھائی دیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں کو بولتے رہنا چاہیے، آواز اٹھانی چاہیے اور احتجاج جاری رکھنا چاہیے کیونکہ عوام کی آواز واقعی اہم ہوتی ہے۔ اسی دوران انہوں نے امریکی امیگریشن ادارے ICE کے خلاف سخت جملہ بھی ادا کیا، جس پر حاضرین میں ملا جلا ردِعمل دیکھنے میں آیا۔

واضح رہے کہ بلی ایلش اور فِنیاس او کونل اس سے پہلے بھی ICE اور موجودہ امریکی انتظامیہ پر تنقید کرتے رہے ہیں۔ حال ہی میں بلی نے اپنے انسٹاگرام پر امریکی شہری الیکس پریٹی کی موت سے متعلق پوسٹیں شیئر کیں، جو 24 جنوری کو ICE اہلکاروں کی فائرنگ سے ہلاک ہوا تھا۔

اسی ہفتے انہوں نے اپنی ایک تصویر کے ساتھ یہ سوال بھی اٹھایا کہ کیا دوسرے مشہور افراد اس معاملے پر آواز اٹھائیں گے یا نہیں؟۔

مزید خبریں

Back to top button