بلاول بھٹو زرداری کی یوم ثقافتِ سندھ پرپوری قوم کودلی مبارکباد
سندھی ثقافت دانائی، سخاوت اور انسان دوستی نسل در نسل دلوں کو روشن کرتی آئی ہے،چیئرمین پیپلزپارٹی

کراچی( جانوڈاٹ پی کے) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یوم ثقافتِ سندھ کے موقع پر سندھ کے عوام سمیت پوری پاکستانی قوم کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔میڈیا سیل بلاول ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ پریس رلیز کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ سندھی ثقافت پاکستان کی متنوع ثقافتی گلدستے میں ایک روشن و خوش رنگ پھول ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی ثقافت دنیا کی قدیم ترین اور مضبوط تہذیبوں میں سے ایک کی وارث ہے، جس کی دانائی، سخاوت اور انسان دوستی نسل در نسل دلوں کو روشن کرتی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی اجرک، ٹوپی، شاعری اور موسیقی صرف علامتیں نہیں بلکہ اُس انڈس سویلائیزیشن کی زندہ دھڑکن ہیں جو ہزاروں برسوں سے انسانیت کو محبت، ہم آہنگی اور پرامن بقائے باہمی کے اصول سکھاتی آئی ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے ہر وفاقی اکائی کی ثقافتی شناخت کے تحفظ، احترام اور جشن کے پختہ عزم کو دہراتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ اُن کی پارٹی ثقافتی ترقی کو فروغ دینے، درخشاں روایات کے تسلسل اور اس امر کو یقینی بنانے کا سلسلہ جاری رکھے گی کہ ثقافتی وقار اور قومی ترقی ساتھ ساتھ آگے بڑھتے رہیں۔



