پاکستان کی روح صوفی روایات میں پیوست ہے، بلاول بھٹو زرداری

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عظیم صوفی بزرگ حضرت لعل شہباز قلندرؒ کے سالانہ عرس کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں عقیدت مندوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ حضرت لعل شہباز قلندرؒ کا پیغام محبت، رواداری، انسانیت اور امن کا عالمی پیغام ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حضرت لعل شہباز قلندرؒ کی تعلیمات نفرت، انتہاپسندی اور تقسیم کی مکمل نفی کرتی ہیں اور باہمی احترام، برداشت اور مساوات کی بنیاد فراہم کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قلندرؒ کا عرس ہمیں یاد دلاتا ہے کہ پاکستان کی اصل روح صوفی روایات میں پیوست ہے، جو معاشرے کو جوڑنے اور نفرتوں کو مٹانے کا ذریعہ بنتی ہیں۔
چیئرمین پی پی پی کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں عدم برداشت، تشدد اور انتہاپسندی کے مقابلے کے لیے صوفی بزرگوں کی تعلیمات کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ چکی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ حضرت لعل شہباز قلندرؒ جیسے عظیم صوفی بزرگوں کے پیغام کو اجاگر کریں اور معاشرے کو امن، انصاف اور بھائی چارے کی راہ پر گامزن کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ صوفیاء کرام کی تعلیمات نہ صرف پاکستان بلکہ پوری انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہیں اور انہی اقدار کو اپناتے ہوئے ایک پرامن، منصفانہ اور متحد معاشرہ تشکیل دیا جا سکتا ہے۔



