ویٹ لینڈز ہمارے ماحول، غذائی تحفظ اور موسمیاتی استحکام کی شہ رگ ہیں، بلاول بھٹو

کراچی (جانوڈاٹ پی کے)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آبی ذخائر (ویٹ لینڈز) کے عالمی دن کے موقع پر کہا ہے کہ ویٹ لینڈز ہمارے ماحول، غذائی تحفظ اور موسمیاتی استحکام کی شہ رگ ہیں اور ان کے تحفظ کے لیے فوری اور اجتماعی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جب ویٹ لینڈز تباہ ہوتے ہیں تو فطرت کی آواز دب جاتی ہے اور اس بربادی کی سب سے بھاری قیمت ہمیشہ غریب اور کمزور طبقات کو چکانی پڑتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے اور اس کے ویٹ لینڈز، بشمول دریاؤں، جھیلوں، مینگرووز اور نازک ڈیلٹائی سسٹمز کو نظرانداز کرنا ممکن نہیں۔

پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ سندھ کے ویٹ لینڈز اور مینگرووز نے نسلوں سے ساحلی آبادیوں کو قدرتی آفات سے محفوظ رکھا ہے اور لاکھوں افراد کے روزگار کا ذریعہ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ویٹ لینڈز اور مینگرووز کا تحفظ نہ صرف ماحولیاتی ضرورت ہے بلکہ سماجی انصاف کا تقاضا بھی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے زور دیا کہ حکومتیں، کمیونٹیز اور نوجوان ویٹ لینڈز کے محافظ بنیں، کیونکہ انسان اور فطرت کے درمیان ہم آہنگی ہی ایک محفوظ، سرسبز اور امید سے بھرپور مستقبل کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی اقدامات کی بنیاد عوام کی بہبود پر ہونی چاہیے اور قدرتی وسائل کے تحفظ کے ذریعے مستقبل کی نسلوں کے لیے پائیدار ترقی یقینی بنائی جا سکتی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button