علاج کی سہولت کا فقدان کسی بھی شہری کے لیے موت کا پروانہ نہیں بننا چاہیے، بلاول بھٹو زرداری

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ صحت ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور علاج کی سہولت کا فقدان کسی بھی شہری کے لیے موت کا پروانہ نہیں بننا چاہیے۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے بتایا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت کے دوران صحت کے شعبے میں نمایاں سرمایہ کاری ہوئی، جس کے تحت صحت کے بجٹ کو 2.9 فیصد سے بڑھا کر 10 فیصد تک لے جایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں جدید اسپتال اور مفت طبی سہولتیں قائم کی گئی ہیں، جو عالمی معیار کے مطابق ہیں۔
انہوں نے کراچی کے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (JPMC) کو صحت کے شعبے میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا اور کہا کہ یہ پاکستان کے سب سے بڑے اسپتالوں میں سے ایک ہے، جسے اٹھارہویں آئینی ترمیم کے بعد وفاق سے صوبے کو منتقل کیا گیا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے زور دیا کہ ماضی میں صحت کے شعبے کو نظرانداز کیا گیا، لیکن پارٹی نے اقتدار میں آ کر اس شعبے کو ترجیح دی اور عوام کو بہتر علاج کی سہولت فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے۔



