شارٹ کٹس کے بجائے دیانت، ذاتی مفاد کے بجائے خدمت اور آسائش کے بجائے جرات کا انتخاب کریں، بلاول بھٹو

جامشورو / حیدرآباد / کراچی (جانوڈاٹ پی کے)پاکستان پیپلز پارٹی  کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کیڈٹ کالج پٹارو میں 63ویں سالانہ پیرنٹس ڈے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اس ممتاز تعلیمی ادارے کی روشن و  پائیدار روایت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیڈٹ کالج پٹارو نے اپنے طلبہ کی کردار سازی، نظم و ضبط اور قیادت کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں ناقابلِ فراموش اور فیصلہ کن کردار ادا کیا ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہاؤس سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ کیڈٹ کالج پٹارو محض ایک تعلیمی ادارہ نہیں بلکہ ایسا مقام ہے جہاں نظم و ضبط شناخت بن جاتا ہے اور ذمہ داری فطرت کا حصہ۔ انہوں نے کیڈٹس کو ایک کٹھن اور باوقار سفر کی تکمیل پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ استقامت، ڈسپلین اور وابستگی نے انہیں دوسروں سے ممتاز کیا ہے۔ کیڈٹ کالج پٹارو کے ساتھ اپنے خاندان کے ذاتی تعلق کا حوالہ دیتے ہوئے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یہاں حاصل کی گئی تعلیم اور حوصلہ اُن کے والد  صدر مملکت آصف علی زرداری کے لیے نہ صرف اعلیٰ ترین ریاستی مناصب کی ذمہ داریاں سرانجام دینے بلکہ سیاسی قیدو بند کے کٹھن ترین ادوار کا سامنا کرنے میں مددگار ثابت ہوئی۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس بات پر زور دیا کہ کسی قوم کی اصل طاقت صرف اس کے ہتھیاروں میں نہیں بلکہ اس کے کردار میں ہوتی ہے۔ انہوں نے کیڈٹس پر زور دیا کہ وہ شارٹ کٹس کے بجائے دیانت، ذاتی مفاد کے بجائے خدمت اور آسائش کے بجائے جرات کا انتخاب کریں۔ انہوں نے کہا کہ چاہے وردی میں ہوں یا سول زندگی میں، پاکستان کی خدمت ایک تاحیات عزم ہونی چاہیے۔ قومی چیلنجز کےحوالے سے  بات کرتے ہوئے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان نے بارہا اپنی عزم و اتحاد  کے ذریعے ملکی خودمختاری کا دفاع کیاہے، جس کی تازہ مثال مسلح افواج کا پیشہ ورانہ اور پُرعزم ردِعمل ہے ۔ انہوں نے اسے عسکری کے ساتھ ساتھ اخلاقی کامیابی بھی قرار دیا۔ انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوَے کہا کہ حال ہی میں ہماری مسلح افواج نے ایک بار پھر یہ فتح ثابت کی اور  پیشہ ورانہ مہارت، بھرپور تیاری اور متحد کمانڈ کے ذریعے پاکستان نے اپنی خودمختاری کا دفاع کیا اور ایک واضح عسکری کامیابی حاصل کی۔ یہ کامیابی محض عسکری نہیں بلکہ اخلاقی بھی تھی، جس نے دنیا کو یاد دلایا کہ آزمائش کی گھڑی میں پاکستان مضبوط، منظم اور پُرعزم کھڑا رہتا ہے۔ سندھ کے تاریخی کردار کو اجاگر کرتے ہوئے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کیڈٹ کالج پٹارو جیسے ادارے آج بھی اصولوں اور نظم و ضبط سے رہنمائی حاصل کرنے والی قیادت  کی نشونما  کر رہے ہیں۔ انہوں نے کیڈٹس کو مبارکباد دی اور ان سے اپیل کی کہ وہ عزت، انکساری اور غیر متزلزل عزم کے ساتھ پاکستان کی خدمت کریں۔

مزید خبریں

Back to top button