آزاد کشمیر کے مستقبل کے لیے آئینی کنونشن بلایا جائے، بلاول بھٹو کا مطالبہ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مطالبہ کیا ہے کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مستقبل کا تعین کرنے کے لیے ایک آئینی کنونشن بلایا جائے، تاکہ تمام متعلقہ فریقوں کی مشاورت سے آئینی حل سامنے لایا جا سکے۔

ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آزاد کشمیر میں انتخابی مہم کے دوران انہیں مظاہرین کی جانب سے ایک خط موصول ہوا، جس میں مختلف آئینی اور عوامی مسائل کی نشاندہی کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ کسی ایک فرد یا ادارے کی جیب میں نہیں، بلکہ یہ حق کشمیری عوام کو حاصل ہونا چاہیے اور ان کی رائے کو بنیادی اہمیت دی جانی چاہیے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے عوام کو حقِ حاکمیت، روزگار، ترقی اور دیگر بنیادی حقوق کی فراہمی کے لیے پُرعزم ہے۔

بلاول بھٹو نے زور دیتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے آئینی مستقبل پر جامع مشاورت کے لیے ایک آئینی کنونشن منعقد کیا جانا چاہیے، جس میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی شرکت سے متفقہ آئینی راستہ اختیار کیا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان کی کوشش ہے کہ آزاد کشمیر کے انتخابات شفاف، آزاد اور غیر متنازع ہوں، تاکہ عوام اپنی حقیقی نمائندگی کا انتخاب آزادانہ طور پر کر سکیں۔

مزید خبریں

Back to top button