بلاول بھٹو زرداری کی بیسا کھی پر سکھ برادری کو مبارکباد، پاکستان آنیوالے سکھ یاتریوں کا خیرمقدم

کراچی / اسلام آباد / لاہور (جانوڈاٹ پی کے) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سرزمینِ پنجاب کے تاریخی و خوشیوں بھرے تہوار بیساکھی کو منانے والے افراد و برادریوں خصوصاً سکھ برادری کو اپنی جانب سے دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ پریس رلیز کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ بیساکھی ایک ایسا تہوار ہے جہاں امید فصل کی طرح لہلہاتی ہے اور یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ اتحاد، ایمان اور محنت ہر موسم کو خوشحالی میں بدل سکتے ہیں۔ انہوں نے دنیا بھر سے پاکستان آنے والے سکھ یاتریوں کا دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہا ہے۔ انہوں نے پاکستان کی سکھ برادری کی بے مثال خدمات اور شاندار ورثے کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا ہے، جن کی خدمت، جراَت اور وابستگی کا جذبہ قومی ثقافتی ورثے کا اہم حصہ ہے۔ مذہبی ہم آہنگی اور شمولیت کے لیے پیپلز پارٹی کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قوم پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس پرمسرت موقع پر آئیں ہم امن کے بیج بوئیں، برداشت کی اقدار کو پروان چڑھائیں اور اتحاد، وقار اور سب کی خوشحالی پر مبنی مستقبل کی فصل کاٹیں۔



