بلاول بھٹو آج واشنگٹن میں انتہائی اہم نیشنل پریئر بریک فاسٹ میں شرکت کرینگے

واشنگٹن(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان پیپلزپارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری آج واشنگٹن میں انتہائی اہم نیشنل پریئر بریک فاسٹ میں شرکت کریں گے، تقریب سے امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ خطاب کریں گے۔

وائٹ ہاوس سے جاری بیان کے مطابق صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ دعائیہ ناشتے پر پھر سے جمع ہونا بہت عمدہ عمل ہے، ہم سب کو خدا پر بھروسہ ہے۔

بلاول بھٹو نے پچھلے برس بھی نیشنل پریئربریک فاسٹ میں شرکت کی تھی اور ان کی والدہ و سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو بھی اس ایونٹ میں باقاعدگی سے شرکت کرتی رہی ہیں۔

ہرفروری کی پہلی جمعرات کو منعقد کیا جانیوالا یہ ایونٹ محبت اورمفاہمت کو فروغ دینےکے لیے مل کر دعا کرنےکا موقع ہوتا ہے۔

تیس برس سے اس ایونٹ کا انعقاد واشنگٹن کے ہلٹن ہوٹل کے انٹرنیشنل بال روم میں کیا جارہا ہے۔ مرکزی تقریب میں صدر امریکا اور ایک اور انتہائی اعلی پایہ کی شخصیت کا خطاب ہوتا ہے جس کا اعلان صبح ہی کو کیا جاتا ہے۔

برطانیہ کے سابق وزیراعظم ٹونی بلیئر ،البانوی انڈین راہبہ مدر ٹریسا اور یوٹو بینڈ کے مرکزی گلوکار بونو بھی اس دعائیہ ناشتے سے مرکزی خطاب کرچکےہیں۔

نیشنل پریئر بریک فاسٹ کا اہتمام امریکی کانگریس کے شریک چئیرپرسنز کی قیادت میں نیشنل پرئیر بریک فاسٹ فاونڈیشن کرتی ہے۔

اس سال منعقد اس دعائیہ ناشتے کے اعزازی شریک چیئر پرسنز سینیٹر کرسٹین گیلی برینڈ اور سینیٹر راجر مارشل ہیں۔

نیشنل پریئر بریک فاسٹ فاؤنڈیشن انیس سو تریپن میں قائم کی گئی تھی جب صدر آئزن ہاور نے مل کر ناشتہ کرنے سے متعلق اراکین کانگریس کی دعوت قبول کی تھی۔

اس وقت سے ری پبلکنز ہوں یا ڈیموکریٹک شخصیات ہر صدر اس ناشتے میں شرکت کرتا رہا ہے۔ تقریب میں ہر مذہب کے مانے والوں کا خیر مقدم کیا جاتا ہے۔

ابتدا میں اس ایونٹ میں صرف چار سو مہمانوں نے شرکت کی تھی مگر اب ہر سال تقریبا ساڑھے تین ہزار مہمان شرکت کرتے ہیں جن میں سے زیادہ ترکا تعلق سیات، معاشرے میں اہم کردار یا کاروبار سے ہوتا ہے۔

یہ ایونٹ دو روز جاری رہتا ہے جس میں سو سےزائد ملکوں سے تعلق رکھنے والے رہ نماؤں کو ملاقاتوں اور فورمز سے خطاب کا موقع ملتا ہے۔ اس میں یہ رہنما نہ صرف ناشتے بلکہ ظہرانے اور عشائیہ میں بھی شریک ہوتے ہیں۔

تقریب میں شرکت جاری کردہ دعوت کے زریعے ہوتی ہے تاہم اراکین کانگریس کی مدد سے دعوت نامہ حاصل کیا جاسکتا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button