جماعت ا سلامی کے اجتماح’’بدل دو نظام‘‘کیلئے کراچی سے لاہور جانے والی بائیکرز ریلی سکھر پہنچ گئی

سکھر (جانوڈاٹ پی کے)جماعت اسلامی کے تحت مینارِ پاکستان لاہور میں 21، 22 اور 23 نومبر کو منعقد ہونے والے ’’بدل دو نظام‘‘ اجتماع عام میں شرکت کے لیے کراچی سے روانہ ہونے والی بائیکرز ریلی سکھر پریس کلب پہنچی جہاں جماعت اسلامی ضلع سکھر کے امیر زبیر حفیظ شیخ اور یوتھ ونگ کے کارکنان نے ان کا شاندار استقبال کیا۔ریلی کی قیادت جماعت اسلامی کراچی کے نائب صدر سید مطاہر علی کر رہے تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن کی کال پر ملک بھر میں بیداری کی ایک نئی لہر جنم لے رہی ہے، اور اسی سلسلے میں یہ بائیکرز کارواں کراچی سے لاہور کے لیے روانہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ ریلی کا مقصد سندھ، پنجاب اور ملک کے تمام شہروں میں امید اور تبدیلی کا پیغام پہنچانا ہے۔ “ہم ہر شہر میں عوام کو لاہور اجتماع عام کی دعوت دے رہے ہیں تاکہ ایک مضبوط اور منظم تحریک کا آغاز کیا جاسکے، کیونکہ پاکستان اس وقت مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی بحران جیسے سنگین مسائل میں گھرا ہوا ہے۔”سید مطاہر علی نے مزید کہا کہ گزشتہ 76 سے 78 سالوں میں چہرے بدلتے رہے لیکن نظام نہیں بدلا، جبکہ آج پاکستان کو حقیقی تبدیلی اور منصفانہ نظام کی شدید ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے نوجوانوں کے لیے آئی ٹی کے شعبے میں بڑے پروگرام شروع کیے گئے ہیں تاکہ یوتھ کو بااختیار بنایا جا سکے۔“ہم چاہتے ہیں کہ نوجوان متحد ہو کر حافظ نعیم الرحمن کی آواز بنیں اور لاہور اجتماع عام میں بھرپور شرکت کریں، تاکہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور روشن مستقبل کے لیے مضبوط بنیاد رکھی جا سکے۔” انہوں نے کہا۔ریلی میں کراچی یوتھ ونگ کے ناصر عباسی، اسامہ عباسی سمیت دیگر کارکنان بھی شامل تھے۔ ریلی مزید شہروں سے ہوتی ہوئی لاہور کی جانب روانہ ہوگئی، جہاں ملک گیر تبدیلی کی تحریک کے آغاز کے لیے اجتماع عام منعقد کیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button