آن لائن بائیک رائیڈرز کا احتجاج، پیٹرول کی قیمت 250 روپے فی لیٹر تک لانے کا مطالبہ


لاہور(جانوڈاٹ پی کے)پیٹرولیم مصنوعات کی حالیہ کمی کے باوجود آن لائن بائیک رائیڈرز نے اسے ناکافی قرار دیتے ہوئے ایندھن کی قیمتوں میں مزید بڑی کمی کا مطالبہ کر دیا ہے۔
رائیڈرز کا کہنا ہے کہ موجودہ مہنگائی کے دور میں ان کی روزانہ آمدن کا بڑا حصہ پیٹرول پر خرچ ہو جاتا ہے، جس کے باعث گھریلو اخراجات پورے کرنا انتہائی مشکل ہو گیا ہے۔
ان کے مطابق اگر روزانہ 1500 روپے کمائی ہو تو اس میں سے تقریباً نصف رقم صرف ایندھن کی مد میں چلی جاتی ہے، جس سے نہ صرف بچت ختم ہو جاتی ہے بلکہ مالی دباؤ بھی بڑھ رہا ہے۔
رائیڈرز کا کہنا ہے کہ وہ شدید گرمی اور دھوپ میں گھنٹوں سڑکوں پر محنت کرتے ہیں اور سواریوں کے انتظار میں وقت گزارتے ہیں، لیکن بلند ایندھن قیمتیں ان کی آمدن کو بری طرح متاثر کر رہی ہیں۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پیٹرول کی قیمتوں میں مزید واضح کمی کی جائے اور اسے 250 روپے فی لیٹر تک لایا جائے تاکہ ٹرانسپورٹ سے وابستہ محنت کش طبقے کو حقیقی ریلیف مل سکے اور وہ اپنے روزمرہ اخراجات بہتر طریقے سے پورے کر سکیں۔