ذوالفقار علی بھٹو کی برسی 4 اپریل کو عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی، جمیل احمد سومرو

لاڑکانہ (رپورٹ: احسان جونیجو) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے پولیٹیکل سیکریٹری ایم پی اے جمیل احمد سومرو نے کہا ہے کہ 4 اپریل کو گڑھی خدا بخش بھٹو میں سابق وزیراعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی ضلعی سطح پر بڑی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی، جس میں بلاول بھٹو زرداری سمیت دیگر مرکزی رہنماؤں کی شرکت اور خطاب متوقع ہے۔ برسی کے موقع پر شہید ذوالفقار علی بھٹو کے مزار پر پھولوں کی چادریں چڑھائی جائیں گی اور فاتحہ خوانی کے ذریعے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا. ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کے ہمراہ 4 اپریل کو منائی جانے والی ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کی تقریبات کے انتظامات کا جائزہ لینے کے دوران گڑھی خدا بخش بھٹو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا.

جمیل احمد سومرو نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا جس کا آج ان کے مخالفین بھی اعتراف کرتے ہیں. ملک کے ایٹمی طاقت ہونے کی وجہ سے دشمن پاکستان سے خائف رہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہید بھٹو نے ملک میں خوشحالی کی بنیاد رکھی، اسی لیے آج بھی غریب عوام انہیں عقیدت اور احترام سے یاد کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قائد عوام نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر بھی ایک تسلیم شدہ رہنما تھے.

مزید خبریں

Back to top button