ڈی سی ٹھٹھہ کے زیرصدارت اہم اجلاس، تاریخی مقام بھمبھور پر مینگروز شجرکاری مہم کی تیاریاں

ٹھٹھہ ( جاوید لطیف میمن ) ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ سرمد علی بھاگت کی صدارت میں تاریخی مقام بھمبھور پر مینگروز (تمر) کے پودے لگانے کی مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے کے سلسلے میں دربار ہال مکلی میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر میرپور ساکرو نبی بخش سولنگی، اسسٹنٹ کمشنر کیٹی بندر ساجد پہوڑ، ڈسٹرکٹ فاریسٹ افسر ٹھٹھہ ثناء اللہ بلوچ، محکمہ سیاحت و ثقافت، سوشل ویلفیئر و دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران شجرکاری مہم کے مختلف پہلوؤں، سیکیورٹی انتظامات، پودوں کی دستیابی، شجرکاری کے مقامات کے تعین اور بعد از شجرکاری دیکھ بھال کے امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر سرمد علی بھاگت نے ہدایت کی کہ تاریخی اور ساحلی اہمیت کے حامل مقام بھمبھور پر مینگروز کے پودے لگانے کا مقصد نہ صرف ماحولیاتی تحفظ کو فروغ دینا ہے بلکہ قدرتی ورثے کی حفاظت کو بھی یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مینگروز کے جنگلات ساحلی علاقوں کو سمندری کٹاؤ سے بچانے اور موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات کم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو تاکید کی کہ شجرکاری مہم کے دوران بین المحکماتی رابطہ مؤثر رکھا جائے اور لگائے گئے پودوں کی نگہداشت کے لیے جامع حکمت عملی ترتیب دی جائے تاکہ مہم کے مثبت نتائج طویل مدت تک برقرار رہیں۔ اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ بھمبھور سمیت ضلع کے دیگر ساحلی علاقوں میں بھی شجرکاری کو فروغ دیا جائے گا تاکہ ماحول کو سرسبز اور محفوظ بنایا جا سکے۔

مزید خبریں

Back to top button