ٹھٹھہ میں تاریخی بھنبھور کی بحالی کی مہم: ڈپٹی کمشنر کا دورہ، آثارِ قدیمہ کے تحفظ پر زور

ٹھٹھہ ( جاوید لطیف میمن نمائندہ جانو.پی کے )ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ، سرمد علی بھاگت نے تاریخی ورثہ بھنبھور کا دورہ کیا اور اس مقام پر موجود آثارِ قدیمہ کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ اسسٹنٹ کمشنر میرپور ساکرو، نبی بخش سولنگی اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔
دورے کے دوران محکمہ آثارِ قدیمہ کے افسران نے ڈپٹی کمشنر کو بھنبھور کی تاریخی اہمیت، جاری تحفظاتی اقدامات اور درپیش مسائل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر سرمد علی بھاگت نے کہا کہ بھنبھور سندھ کا ایک قیمتی تاریخی اثاثہ ہے، جس کے تحفظ اور دیکھ بھال کو یقینی بنانا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ صفائی ستھرائی کے انتظامات بہتر بنائے جائیں اور سیاحوں کے لیے سہولیات میں مزید بہتری لائی جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ تاریخی ورثے کے تحفظ سے نہ صرف ہماری ثقافت اجاگر ہوتی ہے بلکہ سیاحت کے فروغ میں بھی مدد ملتی ہے۔ دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور حفاظتی انتظامات کا بھی جائزہ لیا ۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ تاریخی مقامات کی بحالی اور ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔



