طالبات کا دفاع جرم بن گیا؟ بھکر میں اوباشوں کا وین ڈرائیور پر وحشیانہ تشدد

بھکر (جانوڈاٹ پی کے)بھکر کے نواحی علاقے برکت والا میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں کالج طالبات کو ہراساں کرنے سے منع کرنے پر اوباش نوجوانوں نے وین ڈرائیور کو بے رحمی سے تشدد کا نشانہ بنا دیا۔
پولیس کے مطابق چند اوباش عناصر طالبات کو تنگ کر رہے تھے، جس پر وین ڈرائیور قاسم نے مداخلت کرتے ہوئے انہیں روکا۔ ڈرائیور کی جانب سے منع کرنے پر ملزمان مشتعل ہو گئے اور اپنے مزید ساتھیوں کو بلا کر قاسم پر حملہ کر دیا۔
اطلاعات کے مطابق چار افراد نے وین ڈرائیور کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا اور اسے آدھ موا حالت میں چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او بھکر شہزاد رفیق نے مقدمہ درج کرنے کے احکامات جاری کیے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور انہیں جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
ڈی پی او شہزاد رفیق نے واضح کیا کہ خواتین اور بچیوں کو ہراساں کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے، اوباش عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں اور انصاف ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔



