بیساکھی میلہ،بھارت سے2800سکھ یاتری لاہور پہنچ گئے

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)بیساکھی میلے اور327ویں خالصہ جنم دن کی تقریبات میں شرکت کیلئے بھارت سے آنے والے سکھ یاتری پاکستان پہنچ گئے۔ خوشیوں، عقیدت اور روایتی رنگوں سے بھرپور یہ مناظر دیکھنے والوں کو بھا گئے۔ 10 روز تک پاکستان میں قیام کے دوران وہ ننکانہ صاحب، حسن ابدال اور کرتارپور نارووال سمیت مختلف مقدس مقامات کا دورہ کریں گے۔بھارت کے مختلف شہروں امرتسر، ہریانہ، دہلی اور دیگر ریاستوں سے 2800 سے زائد سکھ یاتری واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچے۔بیساکھی میلے کی مرکزی تقریب 14 اپریل کو گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال میں منعقد ہو گی۔ صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑا، ضلعی انتظامیہ اور متروکہ وقف املاک بورڈ کے حکام بھی موقع پر موجود تھے۔ سکھ یاتریوں کی مہمان نوازی کے لیے لنگر، ٹرانسپورٹ اور میڈیکل سہولیات کے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں۔سکھ یاتریوں کا کہنا تھا کہ یہاں آ کر ہمیں بہت عزت اور احترام ملا، پاکستان آ کر دل خوش ہو گیا، لوگوں نے بہت پیار دیا۔ بیساکھ میلہ مذہبی عقیدت کے ساتھ ساتھ پاکستان کے امن اور رواداری کے مثبت تشخص کو بھی اجاگر کر رہا ہے۔



