محترمہ بینظیر بھٹو کی 18 ویں برسی: گڑھی خدا بخش میں کارکنان کی آمد جاری، سیکورٹی کےسخت انتظامات

لاڑکانہ (رپورٹ: احسان جونیجو/نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے) سابق وزیراعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 18 ویں برسی آج منائی جا رہی ہے، گڑھی خدا بخش بھٹو میں برسی کے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں، برسی میں شرکت کرنے کے لئے ملک بھر سے پیپلز پارٹی کے کارکن گڑھی خدا بخش بھٹو پہنچ رہے ہیں جو شہداء کے مزار پر حاضری دیکر شہید رانی کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں. شہداء کے مزار کے سامنے ملک بھر سے آنے والے کارکنان کے قافلوں کے لئے کیمپس قائم کئے گئے ہیں جبکہ جلسہ گاہ کو شہید بینظیر بھٹو کی تصاویر کے بینرز سے سجایا گیا ہے. صدر مملکت آصف علی زرداری، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، خاتون اول اور رکڻ قومی اسمبلی آصفه بھٹو زرداری، ایم پی اے فریال تالپر اور پارٹی کے دیگر مرکزی اور صوبائی رہنما نوڈیرو ہاؤس پر موجود ہیں، برسی کے موقع پر سکیورٹی کے انتظامات سخت کردیے گئے ہیں، 10 ہزار پولیس اہلکار مقرر کردئے گئے ہیں، مزار کے اندرونی اور بیرونی گیٹس پر واک تھرو گیٹس نصب کردئے گئے ہیں۔



