کوئٹہ: سریاب روڈ پر نجی بینک سے برقعہ پوش مسلح افراد نے 94 لاکھ روپے لوٹ لیے

کوئٹہ(جانوڈاٹ پی کے)کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر واقع ایک نجی بینک میں ڈکیتی کی واردات پیش آئی ہے جہاں برقعہ پوش مسلح ملزمان بینک سے لاکھوں روپے لوٹ کر فرار ہو گئے۔
پولیس کے مطابق مسلح افراد برقعے پہن کر اسلحے سمیت بینک میں داخل ہوئے اور عملے و شہریوں کو یرغمال بنا لیا۔ ملزمان نے بینک سے 94 لاکھ روپے نقدی لوٹی اور فرار ہو گئے۔
ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر بینک کے سکیورٹی گارڈ بشیر احمد کو گولیاں مار کر زخمی کر دیا گیا، جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے موقع پر پہنچ گئے، علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی ہے جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔



