بنگلادیش کا بھارت میں اپنی ویزا سروسز معطل کرنے کا فیصلہ

نئی دہلی (جانوڈاٹ پی کے) بنگلادیش کی عبوری حکومت نے سکیورٹی وجوہات کے باعث نئی دہلی سمیت بھارت میں اپنے کئی اہم سفارتی مشنز کو ویزا سروسز عارضی طور پر معطل کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

انڈین میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ فیصلہ بنگلادیش اور بھارت کے درمیان جاری سفارتی کشیدگی کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔ بنگلادیش کے مشیر خارجہ محمد توحید حسین نے صحافیوں کو بتایا کہ حکومت نے یہ قدم احتیاطی تدبیر کے طور پر اٹھایا ہے۔

ویزا سروسز معطل کرنے کے فیصلے کا اطلاق نئی دہلی، کولکتہ اور اگرتلہ میں بنگلادیشی مشنز پر ہوگا۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ بزنس اور ورک ویزا کو معطل کرنے کا فیصلہ نہیں کیا گیا، یہ معمول کے مطابق جاری کیے جاتے رہیں گے۔

کولکتہ میں ڈپٹی ہائی کمیشن نے دیگر دو مشنز کی طرح فیصلے پر عملدرآمد شروع کر دیا ہے۔ ممبئی اور چنئی میں بنگلادیشی قونصل خانوں میں ویزا سروسز معمول کے مطابق جاری ہیں۔

بھارت نے بھی 5 اگست 2024 کے بعد سکیورٹی وجوہات کی بنا پر بنگلادیشی شہریوں کیلیے ویزا کے حوالے سے پابندیاں عائد کر دی تھیں۔

مزید خبریں

Back to top button