بنگلا دیشں میں دل دہلا دینے والا حادثہ، بس دریا میں گر گئی، 18 افراد جاں بحق

ڈھاکہ (مانیٹرنگ ڈیسک)بنگلا دیش میں ایک افسوسناک حادثے کے نتیجے میں کم از کم 18 افراد جان کی بازی ہار گئے، جب مسافروں سے بھری ایک بس دریا میں جا گری۔

بنگلا دیشی میڈیا کے مطابق یہ حادثہ بدھ کی شام اس وقت پیش آیا جب بس کو ایک فیری پر سوار کیا جا رہا تھا۔ اسی دوران بس بے قابو ہو گئی اور تقریباً 30 فٹ گہرے پانی میں جا گری۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ بس میں تقریباً 50 مسافر سوار تھے، جن میں سے متعدد افراد کو فوری کارروائی کے ذریعے بچا لیا گیا، تاہم 18 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے۔

حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں خواتین بھی شامل ہیں، جبکہ زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

حادثے کے بعد کئی مسافر لاپتا بھی ہیں، جن کی تلاش کے لیے غوطہ خوروں کی مدد سے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

ریسکیو ٹیموں کو خراب موسم، تیز ہواؤں اور بارش کے باعث امدادی کارروائیوں میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، تاہم لاپتا افراد کی تلاش جاری ہے۔

مزید خبریں

Back to top button