دہشتگردی عالمی امن کیلئے سنگین خطرہ، بی ایل اے پر پابندی عائد کی جائے، پاکستان کا سلامتی کونسل سے مطالبہ

نیویارک (جانوڈاٹ پی کے)پاکستان کے مستقل مندوب برائے اقوامِ متحدہ عاصم افتخار نے دہشتگردی کو عالمی امن و سلامتی کے لیے ایک سنگین خطرہ قرار دیتے ہوئے اقوامِ متحدہ سے کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عاصم افتخار نے افغانستان میں دہشتگرد تنظیموں کی محفوظ پناہ گاہوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان ایک فرنٹ لائن ریاست کے طور پر کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی انسدادِ دہشتگردی کی کوششوں میں پاکستان نے بے مثال قربانیاں دی ہیں، جن میں 90 ہزار سے زائد قیمتی جانوں کا نقصان اور معیشت کو پہنچنے والا بھاری خسارہ شامل ہے۔ عاصم افتخار کے مطابق کابل پر طالبان کے کنٹرول کے بعد دہشتگرد تنظیموں کو نئی زندگی ملی اور افغان سرزمین پاکستان کے خلاف دہشتگرد کارروائیوں کے لیے استعمال ہو رہی ہے۔

پاکستان کے مستقل مندوب نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی جانب سے جاری ریاستی دہشتگردی کی بھی شدید مذمت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھارت کے زیر قبضہ کشمیر میں ریاستی جبر اور تشدد ناقابلِ قبول ہے اور کشمیری عوام کی حقِ خودارادیت کی جدوجہد کو دہشتگردی قرار نہیں دیا جا سکتا۔

مزید خبریں

Back to top button