معاشرے میں ریاستی رٹ مستحکم ہو رہی ہے، سرفراز بگٹی

کوئٹہ(جانوڈاٹ پی کے)بلوچستان کے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ معاشرے میں ریاستی رٹ مستحکم ہو رہی ہے۔ دہشت گردی کے خلاف ریاستی بیانیے کو مزید مضبوط اور واضح بنانا ناگزیر ہے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی کی زیر صدارت صوبائی اپیکس کمیٹی کا 21 واں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکیورٹی اداروں کے اعلیٰ افسران، کمانڈر کوئٹہ کور اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں پاکستان کے خلاف افغان سرزمین کے استعمال کی شدید مذمت کی گئی اور اسے خطے کے امن کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا گیا۔

 شرکاء نے مؤثر دفاعی حکمت عملی اور بروقت جوابی کارروائیوں پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیر اعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی مدبرانہ قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا گیا، محکمہ داخلہ کی جانب سے امن و امان کی مجموعی صورتحال اور جاری اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ کے مطابق بلوچستان سے 7 لاکھ 21 ہزار افغان مہاجرین کو واپس بھیجا جا چکا ہے جبکہ مجموعی طور پر بلوچستان کے راستے تقریباً 10 لاکھ افغان مہاجرین کی واپسی عمل میں لائی گئی ہے۔ غیر قانونی غیر ملکیوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور مستند اطلاع دینے والوں کے لیے 50 ہزار روپے انعام مقرر کیا گیا ہے اور پوست کی کاشت میں ملوث عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے۔ 330 افراد کے نام فورتھ شیڈول میں شامل کیے گئے ہیں۔

ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث 9 افسران کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے اور انہیں برطرف کرنے کے لیے شوکاز نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔اپیکس کمیٹی نے دہشت گردی میں ملوث عناصر کے اہل خانہ کی جانب سے اظہار لاتعلقی کو مثبت پیش رفت قرار دیا۔

مزید خبریں

Back to top button