بلوچستان پولیس کے شہداء و زخمی اہلکاروں کیلئے مالی امداد میں اضافہ

کوئٹہ(جانوڈاٹ پی کے)بلوچستان پولیس کے شہداء پیکج میں نمایاں اضافہ کر دیا گیا ہے،  انسپکٹر جنرل آف پولیس بلوچستان محمد طاہر نے شہداء، زخمی اہلکاروں اور پولیس ملازمین کے اہلِ خانہ کیلئے مالی معاونت میں اضافے کا اعلان کیا ہے۔

آئی جی پولیس کے مطابق شہداء کے خاندانوں کو دی جانے والی مالی امداد ایک لاکھ روپے سے بڑھا کر دو لاکھ روپے مقرر کر دی گئی ہے، جبکہ دورانِ ڈیوٹی شدید زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کیلئے امدادی رقم 10 ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ روپے کر دی گئی ہے۔ معمولی زخمی اہلکاروں کو اب 5 ہزار کے بجائے 25 ہزار روپے دیئے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ شہداء کی تدفین کیلئے مالی معاونت 40 ہزار سے بڑھا کر 75 ہزار روپے کر دی گئی ہے، جبکہ صوبے سے باہر میت منتقل کرنے پر اب 50 ہزار کے بجائے ایک لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔ اسی طرح پولیس ملازمین کی شادی کیلئے مالی معاونت 12 ہزار 500 روپے سے بڑھا کر 50 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔

آئی جی محمد طاہر کے مطابق شہداء اور فوت ہونے والے اہلکاروں کی بیٹیوں کی شادی کیلئے امدادی رقم 50 ہزار سے بڑھا کر دو لاکھ روپے کر دی گئی ہے۔ علاوہ ازیں گریڈ 1 تا 11 فوت ہونے والے ملازمین کی بیواؤں کیلئے ماہانہ مالی معاونت 12 ہزار روپے، گریڈ 12 تا 15 کیلئے 14 ہزار روپے، گریڈ 16 تا 17 کیلئے 16 ہزار روپے جبکہ گریڈ 18 تک فوت ہونے والے ملازمین کی بیواؤں کیلئے 20 ہزار روپے مقرر کئے گئے ہیں۔

انسپکٹر جنرل آف پولیس بلوچستان محمد طاہر کا کہنا ہے کہ شہداء، ریٹائرڈ ملازمین اور ان کے بچوں کا ہم پر حق ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہداء نے جو قربانیاں دی ہیں وہ ہمارے لئے مشعلِ راہ ہیں اور شہداء بلوچستان پولیس کا فخر ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button