ژوب: نیشنل ہائی وے پر ٹرک اور آئل ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی، 16 افراد زخمی

ژوب(جانوڈاٹ پی کے) ژوب میں نیشنل ہائی وے پر کوئلے کے ٹرک اور آئل ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی۔
ریسکیو حکام کے مطابق کوئلے سے بھرے ٹرک اور آئل ٹینکر میں اچانک آگ لگنے سے 16 افراد زخمی ہو گئے، زخمیوں میں فائر بریگیڈ کا عملہ، ڈرائیور اور پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گڈز ٹرانسپورٹرز کی جانب سے ٹرک اور آئل ٹینکر سڑک کے کنارے کھڑے کیے گئے تھے کہ اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کر لی، اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق واقعے میں 6 افراد کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث انہیں کوئٹہ ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ دیگر زخمیوں کو مقامی ہسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہے۔
پولیس کے مطابق آگ لگنے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکیں تاہم واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔



