پنجگور میں نجی بینک پر مسلح افراد کی لوٹ مار کی کوشش ناکام، سی ٹی ڈی اہلکار شہید

پنجگور(جانوڈاٹ پی کے)بلوچستان کے ضلع پنجگور میں مسلح افراد نے ایک نجی بینک کو لوٹنے کی کوشش کی تاہم سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی سے ڈکیتی کی یہ واردات ناکام بنا دی گئی۔

پولیس ذرائع کے مطابق مسلح افراد بینک میں داخل ہوئے اور لوٹ مار شروع کی تاہم اطلاع ملتے ہی پولیس اور سیکیورٹی فورسز موقع پر پہنچ گئیں۔

واقعے کے دوران مسلح افراد اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا فائرنگ کے اس تبادلے میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے ایک اہلکار دور محمد شہید ہو گئے جبکہ دو راہگیر زخمی بھی ہوئے۔

پولیس نے بتایا کہ مسلح افراد کی فائرنگ سے سی ٹی ڈی اہلکار موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئےپولیس حکام کا کہنا ہے کہ مسلح افراد بینک سے کچھ رقم لوٹ کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تاہم سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی سے ان کی مکمل منصوبہ بندی ناکام ہو گئی۔

واقعے کے بعد مسلح افراد کی گرفتاری کے لیے علاقے میں وسیع سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے جبکہ سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری بھی علاقے میں تعینات کر دی گئی ہے۔ زخمی راہگیروں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔ پولیس نے واقعے کی مزید تفتیش شروع کر دی ہے اور ملزمان کی جلد گرفتاری کا دعویٰ کیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button