بلوچستان میں 5 افراد کی گولیوں سے چھلنی لاشیں برآمد، پولیس نے تحقیقات شروع کر دیں

کوئٹہ (جانوڈاٹ پی کے) بلوچستان کے اضلاع سوراب اور قلات سے پانچ افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں، جنہیں ابتدائی اطلاعات کے مطابق گولیاں مار کر قتل کیا گیا۔

پولیس کے مطابق سوراب میں قومی شاہراہ کے قریب تین افراد کی لاشیں ملی ہیں، جبکہ قلات کے علاقے رودینجو سے مزید دو افراد کی لاشیں برآمد کی گئی ہیں۔

ابتدائی شواہد کے مطابق پانچوں افراد کو فائرنگ کر کے قتل کیا گیا، تاہم واقعے کے محرکات اور ذمہ داروں کے بارے میں تاحال کوئی حتمی معلومات سامنے نہیں آئی ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ تمام مقتولین کی شناخت ابھی تک نہیں ہو سکی، جبکہ مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق شناخت، فرانزک شواہد اور تفتیشی عمل مکمل ہونے کے بعد مزید تفصیلات جاری کی جائیں گی۔

تمام لاشوں کو پوسٹ مارٹم اور قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے واقعے کی تحقیقات میں مصروف ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button