صدرزرداری اور محسن نقوی کا بلوچستان میں دہشتگردوں کیخلاف کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان میں دو الگ کارروائیوں اور خیبرپختونخوا کے علاقے بنّوں میں بیرونی پشت پناہی سے سرگرم دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ ہندوستان جیسے دہشت گرد گروہوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں ریاستِ پاکستان کے غیر متزلزل عزم کی عکاس ہیں۔

صدر زرداری نے اپنے بیان میں کہا کہ دہشت گردی کے خلاف “عزمِ استحکام” کے تحت جاری آپریشنز اس وقت تک جاری رہیں گے جب تک ملک میں مکمل امن و استحکام یقینی نہیں بنا لیا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں پراکسی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مستعدی اور قربانیاں قابلِ تحسین ہیں۔

دوسری جانب وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان کے علاقوں ہرنائی اور پنجگور میں فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے 41 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا اور ان کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔ انہوں نے کہا کہ آپریشنز میں حصہ لینے والے بہادر سپوت قوم کا فخر ہیں اور پوری قوم ان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

محسن نقوی نے واضح کیا کہ بلوچستان میں قیامِ امن کے لیے سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں مکمل کامیابی تک جاری رہیں گی اور فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ریاست پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کسی قسم کی کمزوری یا غفلت برداشت نہیں کرے گی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جاتے رہیں گے۔

مزید خبریں

Back to top button