پاکستان کی سعودی عرب سے ادھار تیل کی سہولت میں توسیع کی درخواست، کریڈٹ ٹائم بڑھانے کی تجویز

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) پاکستان نے سعودی عرب سے مؤخر ادائیگیوں پر تیل کی سہولت کو مزید ایک سال کے لیے بڑھانے کی باضابطہ درخواست کر دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی حکومت نے ادائیگیوں کے کریڈٹ ٹائم کو ایک سال سے بڑھا کر دو سال یا اس سے زیادہ کرنے کی بھی تجویز دی ہے۔

ذرائع کے مطابق معاشی ٹیم کی جانب سے سعودی حکام کو بھیجی گئی درخواست پر بات چیت جاری ہے، جس کے جلد حتمی شکل اختیار کرنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مؤخر ادائیگیوں پر ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کی سعودی آئل فیسلٹی رواں ماہ فروری 2026 تک مؤثر رہے گی۔ اس سہولت کے تحت پاکستان کو ماہانہ 10 کروڑ ڈالر فراہم کیے جا رہے ہیں، جبکہ معاہدے کے مطابق یہ قسطیں فروری 2026 تک جاری رہیں گی۔ گزشتہ سال کے آغاز میں ہی دونوں ممالک کے درمیان اس سہولت کا آغاز ہوا تھا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے سعودی حکام سے درخواست کی گئی ہے کہ مؤخر ادائیگیوں پر تیل کی سہولت کو جاری رکھا جائے تاکہ بیلنس آف پیمنٹ پر دباؤ کم کیا جا سکے اور بیرونی ادائیگیوں کے دباؤ میں کمی لائی جا سکے۔

معاشی ٹیم کا ایک اہم وفد اس وقت سعودی عرب کے دورے پر ہے، جہاں پاک سعودی تعلقات کے فروغ کے ساتھ ساتھ پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے مختلف منصوبوں پر سعودی سرمایہ کاروں سے بات چیت کی جا رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق سعودی عرب کے پاکستان میں 5 ارب ڈالر کے ڈیپازٹس موجود ہیں، جن میں سے 2 ارب ڈالر کے ڈیپازٹس کی مدت دسمبر 2025 میں مکمل ہونے پر پہلے ہی ایک سال کے لیے رول اوور کرایا جا چکا ہے، جبکہ 3 ارب ڈالر کے ڈیپازٹس جون 2026 میں میچور ہوں گے، جن کی مدت بڑھانے پر بھی بات چیت جاری ہے۔

وزارت خزانہ حکام کا کہنا ہے کہ 3 ارب ڈالر کے ڈیپازٹس کے رول اوور میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں اور میعاد پوری ہونے پر اسے بروقت توسیع دے دی جائے گی۔ مؤخر ادائیگیوں پر سعودی فنڈز فار ڈویلپمنٹ ہر ماہ پاکستان کو 10 کروڑ ڈالر فراہم کر رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق ادھار تیل کی سہولت کے تحت فروری 2025 میں پہلی قسط موصول ہوئی تھی اور فروری 2026 میں ملنے والی قسط موجودہ معاہدے کے تحت آخری قسط ہوگی، جس کے بعد مارچ 2026 سے قرض کی واپسی شروع کی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر پاکستان کی درخواست پر سعودی عرب کی جانب سے مؤخر ادائیگیوں پر تیل کی سہولت میں توسیع کر دی گئی تو رواں سال سعودی عرب سے پاکستان کو ایک ارب 20 کروڑ ڈالر موصول ہوں گے اور یہ سہولت فروری 2027 تک جاری رہے گی۔

مزید خبریں

Back to top button