بدین میں بارش کے بعد سرد ہواؤں کا راج،ہسپتالوں میں مریضوں کارش،گرم ملبوسات اور خشک میوہ جات کی طلب میں اضافہ

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے)بدین اور گردونواح میں ابر آلود موسم، تیز سرد ہواؤں کا راج، سردی کی شدت برقرار اور اس کے ملحقہ علاقوں میں موسم سرد اور ابر آلود بنا ہوا ہے جبکہ تیز اور یخ بستہ ہوائیں چلنے کے باعث سردی کی شدت برقرار ہے پیر کے روز بھی دن بھر ٹھنڈی ہوائیں چلتی رہیں جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور معمولاتِ زندگی متاثر ہو کر رہ گئے
ہلکی بارش کے بعد چلنے والی سرد ہواؤں نے موسم کو مزید سرد کر دیا ہے۔ صبح اور رات کے اوقات میں بازاروں اور سڑکوں پر رش میں نمایاں کمی دیکھی جا رہی ہے جبکہ دیہی علاقوں میں محنت کش طبقہ، کسان اور مزدور طبقہ سخت پریشانی سے دوچار ہیں۔موسمی شدت کے باعث دمہ کھانسی، نزلہ، زکام اور گلے کی بیماریوں میں مبتلا مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ سرکاری و نجی ہسپتالوں اور کلینکس میں مریضوں کا رش بڑھ گیا ہے۔ طبی ماہرین نے شہریوں کو گرم لباس پہننے، ٹھنڈی ہوا سے بچنے اور خصوصاً دمے کے مریضوں کو احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہےشدید سردی کے باعث گرم ملبوسات کے استعمال میں اضافہ ہو گیا ہے جبکہ بازاروں میں کمبل، رضائیاں، شالیں اور جیکٹیں فروخت ہونے لگیں۔ اسی طرح خشک میوہ جات، انڈوں، گرم سوپ، چائے اور قہوے کی طلب میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے کیونکہ شہری سردی سے بچاؤ کے لیے گرم اشیاء کا زیادہ استعمال کر رہے ہیں



