بدین:ٹرک سمیت اغوا ہونے والے نوجوان کی لاش3دن بعد مل گئی

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے )تلہار کے علاقے اَکرم واہ سے ذاکر بہرانی نامی نوجوان کی لاش برآمد ہوئی ہے، جس کی شناخت ٹنڈو الہیار کے رہائشی کے طور پر کی گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق مقتول نوجوان 3روز قبل گنے سے بھرے ٹرک کے ساتھ اغوا ہوا تھا،جو بعد میں پنگریو ٹنڈو باگو روڈ پر کھڑا پایا گیا۔مقامی لوگوں اور ورثاء کے مطابق، ذاکر بہرانی کے اغوا کے بعد اہل خانہ اور قریبی عزیز اس کی تلاش میں سرگرم تھے۔ آج جب اس کی لاش اَکرم واہ سے برآمد ہوئی تو علاقے میں افسوس اور صدمے کی لہر دوڑ گئی اور شہری شدید رنج و غم میں مبتلا ہیں۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اغوا اور قتل کے دونوں پہلوؤں کی تحقیقات جاری ہیں اور واقعے میں ملوث افراد کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ مقامی انتظامیہ نے علاقے میں حفاظتی اقدامات کو مزید سخت کر دیا ہے اور شہریوں سے کہا گیا ہے کہ مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع متعلقہ پولیس اسٹیشن کو دیں تاکہ مزید افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔ یہ واقعہ علاقے کے شہریوں میں خوف اور تشویش کا باعث بن گیا ہے، جبکہ مقامی سطح پر متاثرہ خاندان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا جا رہا ہے اور عوام نے ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے



