بدین میں غریب آدمی کی زمین پر قبضہ کرلیا،جان محمد نے ظلم کا پردہ چاک کردیا

میرپورخاص(نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے)جھڈو کے نواحی علاقے سے تعلق رکھنے والے ضلع بدین، تعلقہ ٹنڈو باگو کے گاؤں صالح محمد خاصخیلی کے رہائشی جان محمد خاصخیلی نے میڈیا سینٹر جھڈو پر احتجاج کرتے ہوئے صحافیوں کو بتایا کہ انہوں نے تقریباً چار سال قبل غلام مصطفیٰ ولد الہیار خان نوتکانی سے دیہ کنگ، تپہ اڈوڑی میں ایک ایکڑ زرعی زمین چار لاکھ ستر ہزار روپے میں خریدی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ زمین کی مکمل رقم ادا کرنے کے باوجود تین سال سے زائد عرصہ گزر چکا ہے مگر فروخت کنندہ (زمین کی قانونی ملکیت کی منتقلی) کرنے سے انکاری ہے۔ بارہا مقامی معززین سے رجوع کیا مگر وہ بھی کچھ کرنے سے قاصر نظر آئے۔ زمین کا ایگریمنٹ بھی میرے پاس موجود ہے۔جان محمد کے مطابق جب انہوں نے معاملہ سیشن کورٹ بدین میں اٹھایا تو مذکورہ بااثر شخص مشتعل ہو گیا اور اپنے ساتھیوں قادر بخش اور سلطان کوسو کے ساتھ مل کر ان پر قاتلانہ حملہ کیا اور اسلحے کے زور پر ان کی زمین پر قبضہ کرلیا متاثرہ شخص کا کہنا تھا کہ اس نے واقعے کی شکایت ایس ایس پی بدین کو بھی کی ہے، مگر حدود میں آنے والی پنگریو پولیس نے اب تک کسی قسم کی کارروائی نہیں کی۔ جان محمد کا الزام تھا کہ بااثر شخص مزید رقم بٹورنے کے لیے وہی زمین دوبارہ کسی اور کو فروخت کرنے کے چکر میں ہے۔



